وشاکھا پٹنم،27مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مڈل آرڈر بلے باز منیش پانڈے اور شکھر دھون نے یہاں شاندار اننگز کھیل کر چمپئنز ٹرافی کے لئے منتخب کی جانے والی ٹیم انڈیا کے لئے اپنا دعوی پیش کیا ہے۔ جہاں منیش پانڈے نے 104 رنز (110 گیند، پانچ چوکے، چار چھکے) کی بہترین اننگز کھیلی، وہیں شکھر دھون نے 50 رنز (48 گیند، چھ چوکے، دو چھکے) بنائے۔
ان دونوں بلے بازوں کی شراکت کی بدولت کی انڈیا ’’بی‘‘ نے دیودھر ٹرافی کے دوسرے میچ میں تمل ناڈو کو 32 رنز سے ہرا دیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری انڈیا ’’بی‘‘ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 316 رنز بنائے۔ جواب میں تمل ناڈو ٹیم کوشک گاندھی (124) اور نارائن جگدیشن (64) کی بہترین کوششوں کے باوجود 48.4 اوورز میں 284 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس سے پہلے شکھر دھون انڈیا اے کے خلاف میچ میں دھماکہ دار سنچری بنا چکے ہیں۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری تمل ناڈو کی ٹیم کا آغاز شاندار رہا۔ 32 کے مجموعی اسکور پر گنگا سریدھر راج (10) کے طور پر پہلا وکٹ گنوانے کے بعد کوشک نے نارائن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 114 رنز کی سنچری ساز شراکت کرکے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ جگدیشن کا وکٹ 146 کے مجموعی اسکور پر گرا۔ گھریلو کرکٹ میں شاندار فارم میں چل رہے دنیش کارتک (28) اور کپتان وجے شنکر (27) خاص شراکت نہیں دے سکے۔ وجے شنکر کا وکٹ 42 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 244 کے مجموعی اسکور پر گرا۔ یہاں سے ٹیم کو 49 گیندوں میں 73 رنز چاہئے تھے اور ان کے چھ وکٹ باقی تھے لیکن یہیں سے تمل ناڈو کے بلے بازوں نے لاپرواہی کی اور ایک کے بعد ایک وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پوری ٹیم اگلے سات اوورز میں 40 رنز کا اضافہ میں پویلین لوٹ چکی تھی۔
تمل ناڈو کی اننگز کو ہدف سے پہلے ہی سمیٹنے میں دھول کلکرنی اور اکشر پٹیل نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے انڈیا ’’بی‘‘ کے لئے تین تین وکٹ لئے۔وہیں چاما ملند اور کلونت کھیجرولیا کو دو دو کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ اس سے پہلے، انڈیا ’’بی‘‘ کے لئے منیش کے علاوہ شکھر دھون (50) اور اکشر پٹیل (51) نے نصف سنچری لگاتے ہوئے اچھا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ ٹیم کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک میدان پر نہیں ٹک پایا۔ اس اننگز میں منیش پانڈے اور اکشر کے درمیان سب سے بڑی 98 رنز کی شراکت ہوئی۔